فلم فیئر ایوارڈ یافتہ شاعر ،نغمہ نگار اور صحافی جناب حسن کمال 2022 کے صوفی جمیل اختر میموریل ایوارڈ سے سرفراز
صوفی جمیل اختر لٹریری سوسائٹی کی جانب سے عالمی سطح پر اردو زبان و ادب کی خدمات کے اعتراف میں ہر سال صوفی جمیل اختر میموریل ایوارڈ دیا جاتا ہے

(پریس ریلیز) گزشتہ دنوں صوفی جمیل اختر لٹریری سوسائٹی ایوارڈ کمیٹی کی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں اتفاق رائے سے2022 کا صوفی جمیل اختر میموریل ایوارڈ فلم فیئر ایوارڈ یافتہ شاعر ،نغمہ نگار اور صحافی جناب حسن کمال کو دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ واضح ہو کہ گزشتہ پندرہ برسوں سے یہ ایوارڈ ہر برس اردو زبان و ادب سے متعلق خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے اردو دنیا کی کسی ایک شخصیت کی خدمت میں پیش کیا جاتا ہے۔حسن کمال اردو ادب اور فلمی دنیا کا جانا مانا نام ہے۔لکھنو کی ادبی فضا کا اثر تھا کہ اسکول کے زمانے سے ہی انہوں نے شاعری شروع کردی۔ان کا شعری مجموعہ ”حاصل یہی “2005 میں شائع ہوا۔صحافت میں بھی انہوں نے خوب نام کمایا 1965 میں ’بلٹز ویکلی‘کے نائب مدیر بنے۔ 1974 میں ’اردو بلٹز‘ کے مدیر بنے اور اس کے سر کیولیشن کو 13000 کاپیوں سے ایک لاکھ تک پہنچا دیا۔موصوف ایک مشہور کالم نگار بھی ہیں۔وہ روزنامہ انقلاب، راشٹریہ سہارا ،اعتماد ،اور البلاغ کے لئے مسلسل کالمز لکھتے رہے ہیں۔ان کے کالمز تامل ،تیلگو،مراٹھی اور انگریزی زبانوں میں تراجم ہوچکے ہیں۔حسن کمال صاحب کے لکھے فلمی نغمے زبان زد ہے،فلم ’نکاح ‘کے لئے لکھے گئے نغمے بہت مشہور ہوئے۔فلم ’آج کی آواز‘کے ٹا ئٹل سانگ کے لئے انہیں 1985 میں فلم انڈسٹری کا سب سے بڑا ایوارڈ’ فلم فئیر ایوارڈ‘ بھی ملا تھا۔ نغموں کے علاوہ انہوں نے کئی فلموں اور ٹی وی سیریل کے لئے مکالمے بھی لکھے ہیں۔موصوف کی صلاحیت کے پیش نظر انہیں کئی ایوارڈس اور اعزازات سے بھی نوازا گیاجن میں فلم فئیر ایوارڈ کے علاوہ ’نہروکلچرل اسوسی ایشن ،یو -پی ایوارڈ 1976،ہندی -اردو ساہتیہ ایوارڈ- یو۔ پی۔1988،فلم پرسکار آشیرواد ایوارڈ۔1986،سُر سنگار ڈاکٹر وی۔ڈی ۔ارورا ایوارڈ برائے فلم نکاح1983،عوام1987 اور تیری پائل میرے گیت ۔1992،ارون امین ایوارڈ۔مقبول شاعر برائے سال 1990، مولانا ابوالکلام آزاد ایوارڈ برائے ادبی کارکردگیاں1996 شامل ہیں۔حسن کمال صاحب ہمہ جہت شخصیت کے مالک ہیں، ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے صوفی جمیل اختر میموریل ایوارڈ کمیٹی نے انھیں2022 کا انعام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ 2007 میں پہلا صوفی جمیل اختر میموریل ایوارڈ اردو کے اہم صحافی احمد سعید ملیح آبادی کو پیش کیا گیا تھا ۔ ان کے بعد جن شخصیات کو اس ایوارڈ سے نوازا گیا ہے ان میں شمس الرحمن فاروقی، مجتبیٰ حسین، انیس رفیع، ملک زادہ منظور احمد، علقمہ شبلی، وسیم الحق، عزیز برنی، خواجہ محمد اکرام الدین، خلیل طوقار(ترکی) ،یوسف عامر (وائس چانسلر۔الااظہر یونیورسٹی، قاہرہ، مصر)اور پروفیسر انور پاشا کے نام اہمیت کے حامل ہیں۔صوفی جمیل اختر لٹریری سوسائٹی کے سر پرست فہیم اختر (لندن)کے مطابق یہ انعام مورخہ 13 مارچ 2022 کو مغربی بنگال اردو اکاڈمی کے مولانا ابوالکلام آزاد ہال میں پیش کیا جائے گا۔